ابنا: ہفتہ کی رات، تقریبا 5000 مظاہرین نے یورپی آبنائے باسفورس کے کنارے استنبول کی Besiktas بلدیہ میں واقع اردگان کے دفتر کو گھیر لیا اور پتھر پھینکنے شروع کردیے جس کی وجہ سے کم از کم سات پولیس اہلکار زخمی ہوگئے.
ترک حکام کا کہنا ہے کہ استنبول اور ملک کے دیگر شہروں میں حکومت مخالف مظاہروں میں شامل نو سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
خصوصی پولیس فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس اور پانی کی تیز بوچھار کا استعمال کیا.
اس سے ایک دن قبل ایک لاکھ مظاہرین نے تقسیم چوک پر احتجاج کیا اور اردگان سےعہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کو "فاشسٹ" قرار دیا۔
استنبول کے مظاہرین کی حمایت میں ملک بھر میں، انقرہ، ازمیر، مگلا اور اناطولیہ سمیت 90 مقامات پر حکومت مخالف مظاہرے ہوئے ہیں جن کے دوران پولیس سے تصادم میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ملک کے وزیرِ داخلہ معمر گلیر نے کہا ہے کہ ان مظاہروں میں شامل 939 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ یہ ماضی قریب میں ترکی میں سب سے بڑے حکومت مخالف مظاہرے ہیں۔
جمعہ کو اس وقت عوام کا غصہ حکومت کے خلاف پھوٹ پڑا اور بدامنی کا آغاز ہوا جب پولیس نے استنبول میں غازی پارک کے انہدام کی مخالفت میں تقسیم چوک پر دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ ترکی کی سیاسی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ دس لاکھ افراد تقسیم چوک میں عوامی پارک کو بچانے کے لیے جمع ہوئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، مظاہرے میں شامل ایک شخص اورل گوکتاس نے کیا کہنا تھا کہ یہ مظاہرہ ’حکومت کے خلاف اور اردگان کے خلاف ہے جو ایک بادشاہ کی طرح فیصلے کر رہے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ گیزی پارک ریلیوں اور مظاہروں کے لئے ایک روایتی مرکزی جگہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مقبول سیاحتی مقام بھی ہے اور یہ شہر کی آخری سبز عمومی جگہ ہے.
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مظاہرین کو قابو کرنے کے لئے ترکی پولس کے رویے پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے یورپ اور وسطی ایشیا امور کے ڈائریکٹر جان ڈالہیوزن نے سنیچر کو کہا کہ اس وسیع پیمانے پر پولیس کی طرف سے تشدد، مکمل طور پر پرامن احتجاج کرنے کے حق سے انکار کرنے اور مظاہرین کی حوصلہ شکنی کرنے کے مترادف ہے۔
.......
/169